ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلوروشہر کے تمام زیر التواء منصوبوں کو 2022تک پورا کرلیا جائے گا، بنگلورو کی ترقی کیلئے فنڈس کا کوئی مسئلہ نہیں: وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا

بنگلوروشہر کے تمام زیر التواء منصوبوں کو 2022تک پورا کرلیا جائے گا، بنگلورو کی ترقی کیلئے فنڈس کا کوئی مسئلہ نہیں: وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا

Fri, 18 Dec 2020 21:30:25    S.O. News Service

بنگلورو،18؍دسمبر(ایس او نیوز) شہر بنگلورو کو آنے والے دوسال کے دوران ترقی سے ہمکنا ر کرنے کیلئے تمام منصوبوں کو پورا کرلیا جائے گا۔ یہ اعلان جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے کیا۔ شہر میں مشن بنگلورو 2022کے سلسلہ میں ایک اخباری کانفرنس سے مخاطب ہو کر انہوں نے کہا کہ حکومت نے یہ منصوبہ تیار کیا ہے کہ 2022کے اختتام تک بنگلورو کی شکل کیا ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے بھی شہر بنگلور و کی ترقی کے بارے میں کافی سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بنگلورو کو ترقی کی روش پر آگے بڑھتا جا رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں بنگلورو کو اس ملک میں ممتاز مقام حاصل ہے۔ اس شہر کو ملک میں سائنس اورٹیکنالوجی کی راجدھانی مانا جاتا ہے اور اسے ایشیا کی وادی سلیکان کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنگلورو کا شمار دنیا کے ان شہرو ں میں کیا جاتا ہے جو تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ شہر میں ٹرافک کے اژدہام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کرناٹکا روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی طرف سے شہر کی ترقی کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی ترقی اور اسے خوب صورت بنانے کے لئے بڑے نالوں کی تیاری کی گئی۔ آنے والے دنوں میں شہر کی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیات کے تحفظ پر زور دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی کے انتظامیہ کو شفاف اور کرپشن سے پاک کرنے پر حکومت نے خصوصی توجہ دی ہے۔ شہر کی ٹرافک کے مسئلہ کو قابومیں کرنے کے لئے باہری رنگ روڈ کی تعمیر کی جا رہی ہے ان تمام منصوبوں کو دو سال کے اندر پورا کرلیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بنگلورو میٹرو کے ذریعے روزانہ سات لاکھ مسافرو ں کو خدمات مہیا کروائی جا رہی ہیں۔آنے والے دنوں میں میٹرو کا نیٹ ورک اور وسیع ہونے جا رہا ہے اس سے شہر میں ٹرافک کے مسئلہ سے نپٹنے میں کافی مدد ملے گی۔

گندگی کی نکاسی کے بارے میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ عوام میں اس کے بارے میں خصوصی بیداری لانے کے لئے مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ شہر کو پاک و صاف رکھا جا سکے۔ شہر میں بارش کے موقع پر سیلاب کی صورتحال کوروکنے کے لئے ایک طرف ڈرینیج نظام کو مستحکم کیا جا رہا ہے تو دوسری طرف تالابو ں کی صفائی پر توجہ دی جا رہی ہے شہر بنگلورومیں بیرون ریاستوں کے باشندوں کی زیادہ تعداد میں سکونت کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کو مقامی تہذیب و تمدن سے آگاہ کروانے کے لئے بھی حکومت کی طرف سے پروگرام ترتیب دئیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہر بنگلور و کی ترقی کے کاموں کو پورا کرنے کے لئے فنڈس کی کوئی کمی نہیں ہے۔


Share: